جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ تعلقات خراب ہوں وہ آج خوش ہیں، بانی پی ٹی آئی

جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ تعلقات خراب ہوں وہ آج خوش ہیں، بانی پی ٹی آئی
کیپشن: Imran Khan, File Photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حاشر وڑائچ: بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میرا کوئی جج نہیں ہے، جسٹس اعجاز الحسن کوالٹی جج تھے ان کے استعفیٰ پر افسوس ہے۔ 

 بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جو کیا اس کی مذمت کرتے ہیں، یہ بھی دیکھنا ہے کہ معاملات یہاں تک کیسے پہنچے۔ شاہ محمود قریشی بطور وزیر خارجہ افغانستان گئے تو انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا، بلاول جب وزیر خارجہ تھے تو ایک مرتبہ بھی افغانستان نہیں گئے۔ میں بطور وزیراعظم خود بھی ایران گیا تھا اور سپریم لیڈر سے بھی ملا تھا۔ جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ تعلقات خراب ہوں وہ آج خوش ہیں، کیا ایران کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہمارے مفاد میں ہے، بڑھاوا دینے کے بجائے صورتحال کو ڈیفیوز ہونا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں انتخابات ہو جاتے تو استحکام آچکا ہوتا، پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے انتخابات کو ملتوی کیا گیا۔ نگران وزیراعظم کو کوئی سنجیدہ نہیں لے گا، نیوٹرل بھائی جان بھول گئے کہ ٹائم کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ پاکستان کی صورتحال 1970 کی ہے جب صرف پارٹی ٹکٹ جیتا تھا۔ جو ظلم کیا جا رہا ہے یہ ہماری انتخابی مہم ہے، امیدواروں کے پوسٹرز پر قیدی نمبر 804 لکھا جائے گا۔ ظلم کے باوجود پارٹی اس لیے نہیں ٹوٹی کیونکہ ہمارا ووٹ بینک ہے۔ وکلا نے زبردست کام کیا چاہتا ہوں انہیں ٹکٹ ملیں، عمر ایوب اور شبلی فراز کو ٹکٹ فائنل کرنے کا کہا ہے۔ 

جیل کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جیل میں صرف پی ٹی وی کی سہولت ہے جس پر پروپگنڈا ہوتا ہے، ٹی وی پر سپورٹس دیکھ لیتا تھا ورلڈ کپ کے بعد سپورٹس بھی دیکھنا چھوڑ دیا۔ صبح ایک ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کرتا ہوں جس کے بعد عدالت آ جاتا ہوں۔ جیل میں رہتے ہوئے تین مرتبہ قران پاک کو پڑھا ہے، قران کو پڑھ رہا ہوں اور ساتھ نوٹس بھی لے رہا ہوں، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے مجھے جیل میں ڈالا، جیل میں نہ ہوتا تو کتابیں پڑھنے کا موقع نہ ملتا، عبادت بھی تنہائی میں ہوتی ہے نظربندی نے فائدہ دیا۔ جیل میں آدمی کو سوچنے اور پڑھنے کا موقع ملتا ہے، جیل میں رہتے ہوئے سیرت النبی کو بھی پڑھا ہے۔ جب انسان خواہشوں پر قابو پا لیتا ہے تو کوئی مشکل نہیں ہوتی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ جس نے کرپشن نہ کرنی ہو اسے اپنے امپائر نہیں کھلانے ہوتے، سپریم کورٹ پر حملہ نواز شریف نے کیا تھا یہ ایماندار جج کو ٹکنے نہیں دیں گے، نواز شریف کرکٹ میں بھی اپنے ایمپائرز کے بغیر نہیں کھیلتا تھا۔