فواد چودھری کی بزدار حکومت پر تنقید، راجہ بشارت نے خاموشی توڑ دی

 فواد چودھری کی بزدار حکومت پر تنقید، راجہ بشارت نے خاموشی توڑ دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر)صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے وفاقی وزیر فواد چودھری کی پنجاب حکومت پر تنقید کو بلاجواز قرار دے دیا۔
 صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفئیرراجہ بشارت نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے گزشتہ روز پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی یہ بات حقائق پر مبنی نہیں ہے.

انہوں نے اس حوالے سے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کفایت شعاری اور سادگی کے ذریعے گورننس کی نئی مثال قائم کی ہے اور نہ صرف چارچار کیمپ آفس بنانے کی روایت توڑی ہے بلکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اخراجات میں واضح کمی بھی کی ہے.

راجہ بشارت نے کہا کہ ابھی نصف مالی سال باقی ہے، اس مرحلے پر ترقیاتی بجٹ کے استعمال کے اندازے لگانا درست نہیں. انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل مالی حالات میں پنجاب حکومت نے گذشتہ سولہ ماہ میں ہر شعبے کی ترقی پر توجہ دی ہے بالخصوص تحریک انصاف کے ویژن کے مطابق سادگی اپنا کر بدعنوانی کی شرح میں کمی کی ہے.

وزیر قانون نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں چھ نئے ہسپتال اور ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے, لاکھوں غریب اور نادار افراد کو پناہ گاہوں کے ذریعے مفت رہائش، کھانا اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے, پنجاب اسمبلی نے پہلے سال ریکارڈ قانون سازی کی ہے جبکہ نیا پاکستان کے تحت پنجاب میں بے گھر افراد کے لیے مکانوں کی تعمیر کے منصوبے پر تیزی سے عمل ہو رہا ہے. انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے پولیس کو اعتماد اور آزادی دی ہے اور آج پنجاب امن کا گہوارہ بن چکا ہے.

راجہ بشارت نے کہا کہ 23 مارچ کو اورنج ٹرین باقاعدہ چلائی جا رہی ہے جبکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جہاں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی ماضی میں مثال نہیں ملتی. انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی کابینہ کے تمام وزراء قابل اور محنتی ہیں جومالیاتی سکینڈلوں سے پاک، اپنے عوام کی بے لوث خدمت میں مصروف ہیں.

Malik Sultan Awan

Content Writer