ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں سنسنی خیز میچز جاری ہیں تاہم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے بابراعظم کے حوالے سے محمد عامر کے حالیہ بیان پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔
کراچی کنگز کے محمد عامر کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کے حوالے سے دیئے گئے بیان کے بعد میدان پر معاملات کشیدہ نظر آرہے ہیں۔شاہین آفریدی نے کہا کہ بابراعظم نمبر ون کھلاڑی ہیں اور ہم ان کی عزت کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے کپتان ہیں، اگر ہم بطور کپتان ان کا احترام نہیں کریں گے تو اور کون کرے گا؟
اس سے قبل گزشتہ روز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے محمد عامر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانے کیلئے بالر کو صرف ایک اچھی گیند پھینکنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن غلط الفاظ کا انتخاب ضروری نہیں، عامر کو خود پر بھروسہ ہے تاہم اسے اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ بالر کا بھی برا دن ہوتا ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ سے قبل محمد عامر نے بیان دیا تھا کہ میرا کام وکٹ لینا اس سے قطع نظر کون سا بلےباز کریز پر موجود ہے، خواہ وہ بابراعظم ہوں یا کوئی ٹیل اینڈر! بالنگ کروانا یکساں ہے۔
اس میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی تھی جبکہ کپتان بابراعظم نے 46 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کے مداحوں سے داد سمیٹی تھی۔ میچ کے دوران عامر نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں بغیر کسی وکٹ کے 42 رنز لٹائے تھے۔