سٹی 42 : وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے جاری منصوبہ ایک بہت بڑا ریلیف ثابت ہوگا، اسلام آباد کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر کی شکل دی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقبال فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ ایک سال پہلے اسلام آباد ایکسپریس وے مکمل ہو چکی تھی اور اب اس کے ساتھ سروس روڈ کے منصوبے پر بھی کام شروع کیا جائے گا، جس سے شہرمیں ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی چوک میں ٹریفک جام کا مسئلہ معمول تھا مگرنئے منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد 2 سال کے اندر شہریوں کوایک نیا اسلام آباد دیکھنے کو ملے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی ترقی کے لیے حکومت ویژن 2027 پر عمل پیرا ہے اور اس کے تحت جدید انفراسٹرکچر، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ شہری زندگی کے معیار میں بھی اضافہ ہوگا اور اسلام آباد کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر کی شکل دی جائے گی۔