سٹی 42 : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں، پاکستان بحرین کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔
صدر آصف علی زرداری سے بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے بحرین کو یو این سکیورٹی کونسل کی رکنیت پر مبارکباد دی۔
صدر آصف علی زرداری نے خوراک، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرین کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو عزت اور مواقع دینے پر بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے پاکستانی قیدیوں کی شاہ بحرین کی جانب سے معافی پربھی صدر نے شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر بحرین کی یکجہتی پر صدر زرداری نے شکریہ ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں،بحرین کی لیڈر شپ کا حالیہ دورہ پاکستان اور ان کا پرتپاک استقبال تعلقات کی گہرائی کا عکاس ہے۔
سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔