راؤ دلشاد:آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن لاہور نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے رہنما اصول وضع کر لیے ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یونین کونسل سطح کے ممکنہ امیدواروں کی فہرستیں مرتب کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ سینئر اور وفادار کارکنوں کی فہرست تیار کر کے پارٹی قیادت کو ارسال کی جائے گی۔
مسلم لیگ ن لاہور کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ سینئر پارٹی ورکرز کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور انہیں انتخابی عمل میں بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق ایک یونین کونسل سے 9 کونسلرز تک کو پارٹی امیدوار کے طور پر نامزد کیا جائے گا، جبکہ سابق بلدیاتی نمائندوں کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پارٹی نے لاہور آفس میں بلدیاتی سیل قائم کر دیا ہے تاکہ انتخابی معاملات کو منظم انداز میں چلایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ حلقہ بندیوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایک لیگل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
لیگل کمیٹی کے کنوینئر سینئر رہنما تنویر ضیاء بٹ مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں رفاقت ڈوگر، ناصر چوہان، ریاض اختر، شاہد محمود اور ملک رضوان شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تمام فیصلوں کا مقصد آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شفاف اور منظم حکمت عملی کے تحت امیدواروں کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔