لاہور میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا

لاہور میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شادمان (حسن علی) شہر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹے کا 10 اور 20 کلو کا تھیلا دستیاب نہیں، شہری سستے آٹے سے محروم ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مارکیٹ کیساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹا دستیاب نہیں جبکہ فلور ملز نے آٹے کا 15 کلو کا تھیلا مارکیٹ میں فراہم کرنا شروع کر دیا، جس کی سرکاری قیمت مقرر نہیں، مارکیٹ میں 15 کلو کا تھیلا 900 سے ایک ہزارروپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ  غلہ منڈیوں میں گندم کی فی من قیمت 2400 سے تجاوز کرگئی، انہیں سرکاری گندم کا کوٹہ طلب کے مطابق نہیں مل رہا جس کی وجہ سے آٹے کی قلت ہے، سرکاری گندم ملے تو قلت دور ہوسکتی ہے، حکومت طلب کے مطابق سرکاری گندم دے۔

 دوسری جانب مارکیٹ میں آٹے کا 20 اور 10 کلو  کا تھیلا غائب ہونے پر لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں 2 روپے فی کلو اضافہ کر دیا، جس سے اس کی قیمت 74روپے سے بڑھ کر 76 روپے ہو گئی ہے جبکہ لاہور کے بیشترعلاقوں میں بعض آٹا چکی مالکان پہلے ہی ایک کلو چکی سے تیار کردہ آٹا 75روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں ۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا دستیاب نہ ہونے کے باعث وہ خوار ہو رہے ہیں،حکومت فوری آٹے کےبحران پر قابو پائے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں فلورملز کی جانب سے 10 اور 20کلو آٹے کے تھیلے فراہم نہیں کیے جارہے۔

Sughra Afzal

Content Writer