ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر قانون نے ن لیگ کو ملکی سیاست کیلئے خطرہ قرار دےدیا

وزیر قانون نے ن لیگ کو ملکی سیاست کیلئے خطرہ قرار دےدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کل جب میاں نواز شریف پاک افواج کے خلاف زہر اگل رہے تھے اس وقت وزیرستان اور بلوچستان میں ملک کی خاطر شہید ہونے والے 20 فوجیوں کے جنازے ادا کیے جا رہے تھے۔

صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ کل جب میاں نواز شریف پاک افواج کے خلاف زہر اگل رہے تھے اس وقت وزیرستان اور بلوچستان میں ملک کی خاطر شہید ہونے والے 20 فوجیوں کے جنازے ادا کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر پر دشمن ملک بھارت میں خوشیوں کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں۔

راجہ بشارت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ سیاست میں انتہائی خطرناک رحجان کو فروغ دے رہی ہے۔ ن لیگ کا یہ خطرناک کھیل ملکی سلامتی، استحکام اور معیشت کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف شدید بیماری کا بہانہ بنا کر عدلیہ سے ریلیف لے کر باہر گئے تھے لہذا عدلیہ کے لیے بھی یہ لمحہء فکریہ ہے کہ کل جو شخص چلنے سے بھی قاصر تھا آج وہ لندن میں بیٹھ کر گلا پھاڑ پھاڑ کر کیسے بول رہا ہے؟۔

اپوزیشن کے کل والے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسہ کی ناکامی نے عمران خان کی حکومت کو اور مضبوط کر دیا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ فضل الرحمن کا خالی کرسیوں سے خطاب سٹیج پر بیٹھی ن لیگ اور پی پی پی کی قیادت سے سوال کر رہا تھا کہ لاکھوں کا مجمع کہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو ملک کے لیے لاتعداد قربانیاں دینے والی ملکی سلامتی اور ترقی کی ضامن افواج پر تنقید کرنا زیب نہیں دیتا۔ اس سے انہیں اقتدار تو نہیں ملنے والا، البتہ بھارت سیمت پاکستان کے دیگر دشمن ضرور خوش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو نصیحت کی کہ اب پاکستان کے عوام ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں لہذا وہ مزید تین سال صبر کریں۔