(عابد چوہدری ) اقبال ٹاون میں دوکان مالک اور کرایہ دار جھگڑے میں محلے دار کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور معمر شہری شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم موقع سے فرار جبکہ پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر کاروائی شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق اقبال ٹاون کے علاقے بھیکے والا موڑ کے رہائشی فرمائش کا دوکان مالک کے ساتھ جھگڑا ہو گیا جس دوران محلے دار شان عرف شانی نے موقع پر آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کے باعث 17 سالہ اللہ رکھا موقع پر ہی جاں بحق اور راہگیر فرمائش شدید زخمی ہو گیا، واردات کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی مگر ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب تھانہ مزنگ کی حدود صفاں والا چوک سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود نہیں، متوفی کی عمر چالیس سے45 سال معلوم ہوتی ہے۔ شناخت نہ ہونے پر لاش کو پوسٹمارٹم کیلئےمردہ خانے منتقل کردیا گیا۔ موت کی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کیا جائے گا۔