وقاص احمد: لاہور میں منشیات فروشی میں مطلوب ملزم انمول عرف پنکی کی گرفتاری سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے کراچی پولیس کی ایک مختصر خفیہ ٹیم لاہور پہنچی تھی، جس نے کئی روز تک انتہائی محتاط انداز میں کارروائی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس اہلکار پنکی کے گھر کے قریب کرائے کے مکان میں مقیم رہے اور یونیورسٹی طلبہ کا روپ دھار کر ملزم کی نقل و حرکت کی ریکی کرتے رہے۔ پولیس ٹیم نے ایک لڑکی کے ذریعے ملزم کے گھر خریداری کے بہانے بھی رسائی حاصل کی تاکہ مطلوبہ معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق مکمل معلومات حاصل ہونے کے بعد کراچی سے مزید اہلکار لاہور پہنچے جبکہ گرفتاری کے وقت ایک تحقیقاتی ادارے کی معاونت بھی حاصل تھی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کی موجودگی، خفیہ نگرانی اور گرفتاری کی کارروائی سے متعلق مقامی پولیس مکمل طور پر بے خبر رہی۔