( وقاص احمد ) سبزہ زار میں ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی، آتشزدگی سے چھ گاڑیاں، پانچ موٹرسائیکلیں، ٹائر شاپ سمیت لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سلنڈرز کی دکان کے قریب ایک کپڑے کو آگ لگی جس کے باعث ایک گیس سلنڈر پھٹ گیا۔ سلنڈر پھٹنے سے لگنےوالی آگ نے پاس موجود گاڑیوں، موٹرسائیکلوں، لکڑی کے فرنیچر اور ٹائروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو کے مطابق آتشزدگی سے چھ گاڑیاں، پانچ موٹرسائیکلیں، ٹائر شاپ، پان شاپ، فرنیچر نیلام گھر اور چائے کا ہوٹل جل کر خاکستر ہوگئے، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
متعلقہ پولیس سٹیشن کے اہلکار اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ ریسکیو کی 8 گاڑیوں نے 2 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
گزشتہ ماہ قلعہ گجر سنگھ کے علاقے منٹگمری روڈ پر واقع ایچ بی ایل کی عمارت میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگ گئی تھی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، پولیس اور بینک انتظامیہ موقع پر پہنچی۔ ریسکیو 1122 نے جلد ہی آگ پر قابو پا لیا۔ بینک انتظامیہ کا کہناتھا کہ آگ لگنے سے قیمتی سامان جل گیا تاہم بینک میں موجود کیش محفوظ رہا۔
قبل ازیں تھانہ موچی گیٹ کےعلاقہ میں واقع مکہ پلازہ میں قائم چمڑے کے گودام میں اچانک آگ بھرک اٹھی تھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، آتشزدگی سے 25 افراد متاثر ہوئے جن میں سے4 زندگی کی بازی ہارگئے۔
ریسکیو کے مطابق آگ تین منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر لگی، جس میں لیدر کے قالین اور دیگر سامان موجود تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد فوری طور پر تمام متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
متاثرہ افراد کے مطابق عمارت میں درجنوں افراد رہائش پذیر تھے، جب آگ لگی تو تمام لوگ سو رہے تھے۔ آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 12 گاڑیوں نے حصہ لیا۔