سٹی42: قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور اس کے احاطے میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اسلام ااباد میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی اور عسکری قیادت شریک ہوگی۔ اجلاس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔قومی اسمبلی کے ترجمان نے بتایا کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نامزد نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
اس غیر معمولی اجلاس میں عسکری قیادت ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر پارلیمانی کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔
اس اجلاس کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور اطراف میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
یہ اجلاس مکمل کلاسیفائیڈ ہوگا اور اس اجلاس کی رپورٹنگ کے لئے صحافیوں کو پارلیمنٹ کی عمارت تک رسائی نہیں ہوگی ۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں آنے والے ارکان کو قومی اسمبلی ہال کے اندر موبائل فون لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔