منشا بم اور اس کے بیٹوں سمیت 25 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج

منشا بم اور اس کے بیٹوں سمیت 25 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(درنایاب) سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کا الزام، ایل ڈی اے نے منشا بم اور اس کے بیٹوں سمیت 25 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

 ذرائع کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمہ میں عامر منشا، طارق منشا، فیصل ملک، عاصم ملک و دیگر کو نامزد کیا گیا، ایل ڈی اے نے 34 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر مقدمہ درج کرایا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ محمد عمر کی مدعیت میں تھانہ وفاقی کالونی جوہر ٹاؤن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔

 پی آئی اے روڈ پر ایل ڈی اے نے گزشتہ روز بھاری آپریشن کر کے 34 کنال اراضی واگزار کرائی تھی اور ایل ڈی اے کی سرکاری اراضی پر قائم پختہ اور عارضی تعمیرات مسمار کردی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ منشا بم کا اصل نام منشا کھوکھر ہے،   منشا بم لاہور کے مہنگے علاقے جوہر ٹاؤن میں قبضہ گروپ کا سربراہ مانا جاتا ہے، اس پر قبضے، قتل، اقدام قتل اور پولیس پر فائرنگ کے 70 مقدمے درج ہیں، اس پر غیر قانونی طور پر زمین پر قبضہ کرنے کا پہلا مقدمہ 1982 میں درج کیا گیا تھا، اس نے وکلاء کا اپنا ایک گروپ بھی بنا رکھا ہے جواس کے کالے کرتوتوں کی پردہ پوشی اور وکالت کرتا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer