ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوڑا دان ٹریفک کیلئے مسئلہ بن گئے، سی ٹی او کا نوٹس

کوڑا دان ٹریفک کیلئے مسئلہ بن گئے، سی ٹی او کا نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: لاہور کے مختلف علاقوں اور مرکزی شاہراہوں پر رکھے گئے کوڑا دان ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے لگے ہیں، جس پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

مراسلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مختلف شاہراہوں پر نصب کوڑا دان ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈال رہے ہیں، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک جام کے مسائل بڑھ رہے ہیں بلکہ حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ خاص طور پر مصروف سڑکوں اور چوراہوں کے قریب رکھے گئے کوڑا دان شہریوں اور ڈرائیورز کیلئے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کر کے تفصیلی فہرست ستھرا پنجاب اتھارٹی کو بھجوا دی ہے جہاں کوڑا دان ٹریفک کی روانی متاثر کر رہے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی یقینی بنانے کیلئے ان کوڑا دانوں کو فوری طور پر متبادل اور مناسب مقامات پر منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔

مراسلے کے بعد ستھرا پنجاب اتھارٹی نے متعلقہ فیلڈ عملے کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ ٹریفک کیلئے رکاوٹ بننے والے کوڑا دانوں کو جلد از جلد منتقل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور سڑکوں پر ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔

انتظامیہ کے مطابق صفائی نظام برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی محفوظ اور روان ٹریفک کو یقینی بنانا بھی اولین ترجیح ہے۔