اسرار خان: لاہور پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملت پارک پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کرنے والے ملزم عبداللہ کو عارف چوک سے گرفتار کیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق ملزم نے پستول کے ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رکھی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور دو میگزین برآمد ہوئے ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نصیر آباد پولیس نے سی بی ڈی پنجاب کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزمان تیز رفتاری سے کلمہ چوک سے سی بی ڈی کی جانب جا رہے تھے۔ سی بی ڈی ناکے پر موجود اہلکاروں نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم انہیں قابو کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزمان عثمان، سفیان ولد لیاقت اور ابو سفیان ولد خالد حسین کے قبضے سے 2 رائفلیں، 2 پستول اور درجنوں گولیاں برآمد کر لیں، جبکہ ان کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔