ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ٹرین کا افتتاح کیا

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ٹرین کا افتتاح کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عثمان خادم: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر بلھے شاہ پسنجر ٹرین کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر نے ٹرین کا معائنہ کیا اور مسافروں سے ملاقات کرکے ان سے سہولیات سے متعلق گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر سینئر جنرل منیجر پاکستان ریلوے حفیظ اللہ، اے جی ایم ٹریفک سفیان ڈوگر، سی او پی ایس پاکستان ریلوے راؤ وقار، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) لاہور انعام اللہ اور اسٹیشن منیجر ظفر اقبال بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بلھے شاہ پسنجر ٹرین کا افتتاح داتا کی نگری لاہور سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرین تقریباً 15 سال قبل بند کر دی گئی تھی، حالانکہ اس کی عوام میں بہت زیادہ طلب موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور سے واہگہ ٹرین چلانے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جبکہ راوی ایکسپریس رواں ماہ 25 یا 30 تاریخ تک چلانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مرحلہ وار مزید ٹرینیں بحال کی جائیں گی۔ ان کے مطابق کوچز اور انجنوں کی کمی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، 32 کے بجائے 64 نئی کوچز شامل کی جائیں گی، جبکہ 43 جی ای یو لوکوموٹیوز کی اوورہالنگ کے بعد انہیں فریٹ آپریشن کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے کی استعداد میں کم از کم 32 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے پنجاب حکومت نے 2 ارب روپے فراہم کیے ہیں، جبکہ شاہدرہ سے رائے ونڈ تک منصوبے کے لیے بھی پنجاب حکومت مالی تعاون کرے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریلوے کراسنگ گیٹس کی بہتری کے لیے سندھ اور خیبرپختونخوا حکومتوں سے بھی بات چیت کی جائے گی، جبکہ اپنے دورِ وزارت میں ایم ایل ون اور ایم ایل تھری منصوبوں پر پیش رفت یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔