سٹی42:صوبہ پنجاب میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63 افراد جاں بحق جبکہ 290 زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا جہاں 15 افراد کی ہلاکت رپورٹ کی گئی۔ مجموعی طور پر رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک 103 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 393 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں سے 128 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 6 مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کی چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو بھی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آج بھی پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کمزور یا خستہ حال عمارتوں میں رہائش سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔