ویب ڈیسک: بنوں میں سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق یہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کیا گیا آپریشن تھا، جو تھانہ میریان کی حدود میں واقع علاقے نواز آباد میں کیا گیا۔ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ علاقے میں دہشت گرد موجود ہیں، جس پر سی ٹی ڈی اور پولیس نے فوری کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کا مؤثر جواب دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ضرار گروپ سے تھا اور یہ پولیس اہلکاروں پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔