ویب ڈیسک: پنجاب میں سرکاری سطح پر معیاری اور سستی اشیاء کی ہوم ڈیلیوری کا پہلا اور بے مثال پراجیکٹ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں کامیابی سے جاری ہے, یہ پراجیکٹ عوامی خدمت کا نیا ریکارڈ قائم کر چکا ہے۔
پنجاب کے 35 شہروں کے 46 سہولت بازاروں سے فری ہوم ڈیلیوری کے تحت عوام کو گھر کی دہلیز پر تین لاکھ 12 ہزار سے زائد آرڈرز کی ڈیلیوری مکمل کی گئی ہے۔ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے اس پراجیکٹ کے ذریعے 13 بنیادی اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جن کے نرخ ڈی سی نوٹیفائیڈ ریٹ سے بھی 7 فیصد تک کم ہیں۔
شہری گوگل پلے سٹور اور ایپل اسٹور پر دستیاب فری ہوم ڈیلیوری ایپ کے ذریعے آرڈر کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ڈیلیوری مفت ہوتی ہے بلکہ صارفین 7 فیصد تک بچت بھی کر سکتے ہیں۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے آلو، پیاز، ٹماٹر، کدو، لہسن، سیب، کیلا، کھجور، لیموں، امرود اور تربوز سمیت دال چنا، بیسن، آٹا اور چینی بھی آرڈر کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے 110 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے اور سستی، معیاری اشیاء کی فراہمی عوام کے لیے بے مثال ہے۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ مہنگائی کے اثرات کسی صورت عوام تک نہیں پہنچنے دیں گے اور یہ پراجیکٹ بتدریج پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔