ویب ڈیسک : ںیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 46 پیسے تک اضافے کی منظوری دے دی، جس کا اطلاق ڈسکوز پر ہوگا۔
نیپرا نے ڈسکوز کے مالی سال 23-2022 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی، جس کے تحت پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مختلف کیٹگریز کی مد میں 1روپے 49 پیسے سےلے کر4 روپے 46 پیسےفی یونٹ تک اضافے کی منظوری دی گئی۔
ڈسکوز نے نیپرا کومالی سال 23-2022 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دی تھی، جس پر اتھارٹی نے 15 نومبر 2022 کو عوامی سماعت کی اور پھر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صارفین پر ٹیرف کا زیادہ بوجھ نہ ڈالنے کے لیے وزارت توانائی نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو 2 ماہ فروری اور مارچ کے لئے لاگو کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد پچھلی نافذ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ختم ہو جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح اس منظوری سے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا، اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہو گا جبکہ کے الیکٹرک صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔