ویب ڈیسک : عالمی بینک کے گلوبل ایجوکیشن ڈائریکٹر جمائم ساویدرا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسکول کو بند رکھنے کا اب کوئی جواز نہیں ہے۔ اومیکرون سمیت نئی لہر بھی آئے تب بھی تعلیمی اداروں کو بند کرنا آخری حربہ ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اسکول دوبارہ کھولنے سے کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہوگا۔ واشنگٹن ڈی سی سے انٹرویودیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسکول کھولنے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریستوران، بارز اور شاپنگ مالز کو کھلا رکھنے اور اسکولوں کو بند رکھنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ ورلڈ بینک کے مختلف اعداد و شمار کے مطابق اگر اسکول کھلے ہیں تو بچوں کے لیے صحت کے خطرات کم ہیں اور بند ہونے کی قیمت بہت زیادہ ہے۔