سٹی42: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانا اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں رمضان کے دوران عوام کو سہولت فراہم کی جاتی ہے اور پنجاب میں بھی یہی رویہ اختیار کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو ریلیف ملے گا اور شہریوں کو قطار میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو ریلیف کارڈز کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جائے گی جبکہ مزدور کارڈ رکھنے والوں کو 7 ہزار روپے اضافی دیے جائیں گے۔ تمام افراد اے ٹی ایم کے ذریعے رقوم نکال سکیں گے۔
مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈی سیز کو ہدایت کی کہ رمضان میں گراں فروشی پر سخت کارروائی کی جائے اور ضلعی انتظامیہ کو کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پیرا فورس صرف گراں فروشی روکنے میں تعاون کرے گی، ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے اور گراں فروشی کرنے والے دکاندار کو 3 دن کے لیے سیل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان میں عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے ہر ادارے اور حکام اپنا حصہ ڈالیں تاکہ شہری بلا تعطل سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ رمضان نگہبان پیکیج کے تحت اے ٹی ایم کارڈز کی ڈلیوری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اس پیکیج کے ذریعے 40 لاکھ گھرانوں کو مجموعی طور پر 40 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ادائیگی کا پورا نظام ڈیجیٹل اور شفاف ہوگا اور ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے نہ لمبی قطاریں ہوں گی اور نہ ہی کسی مشقت کا سامنا ہوگا، جبکہ رمضان نگہبان پیکیج کے حوالے سے معلومات کے لیے 08000-2345 ہیلپ لائن اور ہر تحصیل میں 160 خصوصی مراکز فعال کیے گئے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ راشن کارڈ کے تحت مالی امداد 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے اور روزانہ لاکھوں روزہ داروں کے لیے افطاری کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں کوئی خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے اور حکومت کی اولین ترجیح رمضان کی برکتیں ہر گھر تک پہنچانا ہے۔