علی اکبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر صوبے بھرمیں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے آغاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر صوبے بھرمیں انسدادپولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے آغاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، چیف سیکرٹری میجر(ر) اعظم سلیمان خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئراورایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نے بچوں کو قطرے پلا کرانسداد پولیومہم کا افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی خصوصی مہم پانچ روز جاری رہے گی، پنجاب بھر میں5 سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، خصوصی مہم میں 90 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز اورسپر وائزرزحصہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو خود فیلڈ میں نکل کرانسداد پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ والدین انسداد پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے بچوں کو قطرے پلائیں، پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے، پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے جس میں جیت ہی واحد آپشن ہے، اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو کیلئے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشیں جہاد ہے، پولیو ویکسین کی افادیت کے بارے میں عوام کو بالخصوص والدین کو آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی قابل برداشت نہیں۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے، رواں مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
معاشرے کے ہرطبقے کو انسداد پولیو مہم کی کامیابی میں اپنا بھر پور کرداراداکرنا ہے۔