وزیراعلیٰ پنجاب کی حکمت عملی کام کر گئی،مصنوعی بارش سے فضائی آلودگی ختم،موسم خوشگوار

Mohsin Naqvi, City42, Artificial rain
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کومل اسلم: لاہور میں مصنوعی بارش کے کامیاب تجربہ کے ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ شہریوں کی صحت پر بھی  مثبت اثرات مرتب ہونے لگے، سموگ کی وجہ سے شہریوں کی صحت کی روز بہ روز بگڑتی صورتحال آخر کار قابو میں آ نے لگی.سموگ کے سبب کھانسی، گلے کی امراض اور بخار سے ہزاروں شہری بری طرح متاثر ہو رہے تھے، اب آلودگی کی شرح میں مصنوعی بارش کے سبب نمایاں کمی ہونے سے مختلف موسمی امراض میں مبتلا شہریوں کی صحت تیزی سے  سنبھلنے لگی ہے۔ 

 گزشتہ روز برسنے والی ملکی تاریخ کی پہلی مصنوعی بارش کے ماحول پر مثبت اثرات کی پہلی گواہی ائیر کوالٹی انڈیکس نے دی جو  تیزی سے گر کر 200 سے بھی 31 درجے نیچے چلا گیا۔ لاہور آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر پہنچ گیا۔ شہر میں اے کیو آئی کی شرح 179 ریکارڈ کی گئی ۔

مصنوعی بارش سے قبل لاہور مسلسل خراب ائیر کوالٹی کے باعث دنیا کے سب سے زیادہ مسموم فضا والے شہروں کی فہرست میں سب سے اوپر آ رہا تھا۔ مصنوعی بارش برسنے کے بعد ایک ہی دن میں ملک بھر میں فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا  درجہ کم ہو کر تیسرے نمبر پر چلا گیا۔

لاہور کے شہریوں نے سموگ کے مضر اثرات میں نمایاں کمی آنے پر سکھ کا سانس لیا ہے تاہم مصنوعی بارش کے اثرات جن علاقوں تک کم پہنچے وہاں فضائی آلودگی کی شرح اب بھی زیادہ ہے۔ڈی ایچ اے فیز 8 میں ایئر کوالٹی انڈیکس340،جوہر ٹاؤن میں 218 ،امریکی قونصلیٹ کے اطراف 196 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات سے بچطانے کے لئے بارش ہونا ضروری ہے تاہم پیچیدہ موسمی عوامل کے باعث لاہور اور پنجاب بھر میں بارش کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آ رہے۔ اس صورتحال کی سنگین کو بھانپتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے تقریباً ایک ماہ پہلے مصنوعی بارش برسانے کے لئے ماہرین سے مشاورت شروع کی تھی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مقامی موسمیاتی ماہرین اور سائنسدانوں سے مشاورت کے بعد متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے مدد لی اور متحدہ عرب امارات میں مصنوعی بارش برسانے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو خصوصی طور پر لاہور بلوایا۔ اس ٹیم کی سرکردگی میں پاکستان کے موسمیاتی ماہرین اور حکومتِ پنجاب کے منتظمین گزشتہ دو ہفتوں سے بارش برسانے کے قابل بادلوں کی علاقہ میں آمد کا انتظار کر رہے تھے۔ یہ طویل انتظار کل تمام ہوا اور لاہور کے بعض علاقوں میں پہلی مصنوعی بارش برسانے میں کامیابی حاصل ہو گئی۔

پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ  سموگ کے انسانی صحت پر مضر اثرات کا تدارک کرنے کے لئے مصنوعی بارش برسانے کے لئے مزید بادلوں کی دستیابی کے منتظر ہیں۔ اور شہری بھی دعا کر رہے ہیں کہ کچھ بادل لاہور تک آ جائیں تاکہ  حکومت کی ٹیم مزید مصنوعی بارش برسا سکے اور انہیں سموگ کے مضر اثرات سے مزید ریلیف مل سکے۔