پرائز بانڈز رکھنے والوں کیلئے اہم خبر

Prize Bonds
کیپشن: Prize Bonds
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے40 ہزار، 25 ہزار، 15 ہزار اور 7500روپے مالیت کے پرائز بانڈز رکھنے والوں کو کیش کرنے یا پریمیم بانڈز میں منتقل کرنے کیلئے بینکوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔ 

ذرائع کے مطابق 40، 25، 15 ہزار اور 7500 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی بند ہوگئی ہے اور اب جن شہریوں کے پاس یہ بانڈز ہیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ان پرائز بانڈز کو کیش کرالیں یا پریمیم بانڈز میں منتقل کرالیں، اس ضمن میں حکومت متعدد بار ڈیڈ لائن میں توسیع بھی کرچکی ہے، ستمبر میں آخری تاریخ ختم ہونے سے قبل 3 ماہ کی توسیع کردی گئی تھی جو 31دسمبر کو ختم ہورہی ہے۔

بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی صورتحال واضح نہیں ہے کیونکہ بعض پرائز بانڈز کیلئے اچھا خاصا وقت دیا جاچکا ہے، خاص طور پر 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی واپسی کیلئے ڈیڈلائن میں توسیع کا امکان نہیں البتہ دیگر پرائز بانڈز واپسی کیلئے مزید مہلت دی جاسکتی ہے۔

حکومت نے 40ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی خرید وفروخت 24 جون 2019 کو بند کردی تھی جسے تبدیل کرنے کی آخری تاریخ 30 مارچ 2020 مقرر کی گئی تھی اور 9 دسمبر 2020 کو 25ہزار روپے مالیت جبکہ 15ہزار اور ساڑھے 7 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز 29اپریل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔مجموعی طور پر اب تک 4 پرائز بانڈز بند کیے جاچکے ہیں اور 4 پرائز بانڈز کی معمول کے مطابق خرید وفروخت اور قرعہ اندازی ہورہی ہے جن میں 100 روپے، 200روپے، 750روپے اور 1500روپے مالیت کے پرائز بانڈز شامل ہیں۔