ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد لاہور میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کرایوں میں کمی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچایا جائے۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو کرایوں میں کمی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق مختلف شہروں کے درمیان 50 روپے سے 320 روپے تک کرایے کم کر دیے گئے ہیں۔
لاہور سے سرگودھا کرایہ 50 روپے کمی کے بعد 1060 روپے، لاہور سے اسلام آباد کرایہ 100 روپے کمی کے بعد 1950 روپے مقررکردیا گیا، لاہور سے پشاور کرایہ 120 روپے کمی کے بعد 2380 روپے ہوگا،لاہورسے رحیم یارخان کا کرایہ 140 روپےکمی کے بعد 2810 روپے،جبکہ لاہور سے حیدر آباد کرایہ 300 روپےکمی کے بعد 5800 روپےمقررہوگا،اس کے علاوہ لاہور سے کراچی کا کرایہ 320 روپےکمی کے بعد 6040 روپے مقرر کیا گیا ہے۔