وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل

PM Imran Khan
کیپشن: PM Imran Khan
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کر دیا گیا، وفاقی حکومت نے حماد اظہر سے وزارت خزانہ کا قلمندان واپس لے کر شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنا دیا۔

 تفصیلات کے مطابق حکومت نے شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کر لیا، حماد اظہر کو وزیر توانائی، شبلی فراز کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنایا گیا، فواد چودھری کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا، عمر ایوب کو وزیر برائے اقتصادی امور تعینات کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب فواد چودھری نے بھی ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں تبدیلیاں کی ہیں اور ساتھ ہی ان کی تفصیلات بھی شیئر کیں، حالیہ ردو بدل کے نتیجے میں حماد اظہر سے وزارت خزانہ کے علاوہ وزیر صنعت و پیداوار کا قلمدان بھی واپس لے کر خسرو بختیار کو وزیر صنعت و پیداوار بنادیا گیا ہے جبکہ سینیٹر شبلی فراز اب سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت سنبھالیں گے، سابق وزیر توانائی عمر ایوب کو وزیر اقتصادی امور مقرر کردیا گیا ۔

خیال رہے کہ کابینہ میں ردِو بدل کی اطلاعات کافی عرصے سے زیر گردش تھیں اور گزشتہ روز سینیٹر فیصل جاوید نے ایک ٹوئٹر پیغام میں فواد چودھرری کو وزارت اطلاعات ملنے کی مبارکباد بھی دی تھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں اس سے قبل اسد عمر، حفیظ شیخ اور حماد اظہر وزیر خزانہ کا منصب سنبھال چکے ہیں، ان میں سب سے مختصر عرصے کے لیے یہ ذمہ داری حماد اظہر کے حصے میں آئی، جنہیں 29 مارچ کو ہی وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔

Sughra Afzal

Content Writer