دُرِ نایاب: پنجاب بھر میں اسموگ کی صورت حال خطرناک ہو جانے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہفتہ کے روز 10 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ مارکیٹیں، بازار، سنیما ہال، شادی ہال سہ پہر تین بجے تک بند رکھنے کا بھی حکم جاری کر دیا گیا۔ اس تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتہ 18 نومبر کو لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارروال، حافظہ آباد، اور منڈی بہاؤالدین میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں، دکانیں، جم اور سینماء ہال سہ پہر 3 بجے کھلیں گے۔
گذشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت لاہور اور پنجاب کے بعض دیگر علاقوں میں مسلسل بڑھتی ہوئی سموگ کے خاتمے کیلئے فوری اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ جسٹس شاہد کریم نے اپنے حکمنامہ میں کہا تھا کہ فوری سموگ ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔