عابد چودھری:ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود خونی واقعات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گارڈن ٹاؤن میں کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور ایک موٹر سائیکل سوار کی گردن پر پھرنے سے وہ زخمی ہو گیا۔ متاثرہ شہری ابوبکر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق زخمی نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
رواں سال کے دوران پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے استعمال میں ملوث 9 ہزار 76 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 8 ہزار 755 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 4 لاکھ 57 ہزار 765 پتنگیں اور 13 ہزار 944 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
لاہور میں سب سے زیادہ کارروائیاں کی گئیں جہاں 4 ہزار 16 ملزمان کو گرفتار اور 3 ہزار 869 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور سے ایک لاکھ 12 ہزار 334 پتنگیں اور 4 ہزار 243 ڈور چرخیاں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ خونی کھیل قیمتی انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے استعمال سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔