ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فیصل آباد ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص

فیصل آباد ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عمران اسلم: فیصل آباد ڈویژن میں مختلف ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں جن کا مقصد سڑکوں کی بحالی، صحت، تعلیم اور شہری سہولیات کی بہتری ہے۔

مثالی گاؤں منصوبے کیلئے 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ نشاط آباد پل تا گٹ والا سڑک کی بحالی کیلئے 1 ارب 62 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ جڑانوالہ، ننکانہ روڈ کی بحالی کیلئے 1 ارب روپے اور لاہور، جڑانوالہ، ننکانہ، شیخوپورہ روڈ کیلئے 8 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح وزیراعلیٰ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع کیلئے 5 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے سکوٹی سکیم پر 1 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ گرین سکلز پروگرام کیلئے 7 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

چنیوٹ، سرگودھا روڈ کی بحالی کیلئے 7 ارب 57 کروڑ روپے، ڈرائی پورٹ تا ساہیانوالہ دو رویہ سڑک کیلئے 1 ارب 24 کروڑ روپے اور ستیانہ بائی پاس تا موٹروے ایم تھری منصوبے کیلئے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

سمندری روڈ کو سگنل فری بنانے، ناولٹی پل اور ڈی ٹائپ میں انڈر پاسز کی تعمیر کیلئے 3 ارب 51 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح جھنگ، بھکر روڈ، ستیانہ، جھمرہ روڈ کی بحالی کیلئے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔

فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 140 بیڈز پر مشتمل نئے بلاک کیلئے 1 ارب 65 کروڑ روپے جبکہ تحصیل جڑانوالہ، چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ میں ڈرینج منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کے نئے ایمرجنسی اسٹیشنز ستیانہ، بچیانہ، سمندری اور پینسرہ میں قائم کیے جائیں گے جن کیلئے 20 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔