اضافی فیسوں کی وصولی کا معاملہ،عدالت نے فریقین کو مہلت دیدی

اضافی فیسوں کی وصولی کا معاملہ،عدالت نے فریقین کو مہلت دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک محمد اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں بچوں سے اضافی فیس وصولی پر سکولوں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست  پر سماعت ہوئی سی ای او ایجوکیشن پرویز اخترپیش ہوگئے، عدالت نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن سمیت دیگر فریقین کوجواب کیلئے 18 جون تک مہلت دے دی۔


لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ندا اسلم، الطاف احمد سمیت دیگر طلباء کی درخواست پر سماعت کی۔ سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر عدالت کے روبرو پیش ہوئےاور بتایاکہ اضافی فیسیں وصول کرنیوالےسکولوں کیخلاف کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی قائم ہے۔ درخواستگزارنےاضافی فیس کے معاملے پر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی سے رجوع کیے بغیر عدالت میں درخواست دیدی،ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کل تک متعلقہ سکول اور درخواستگزارکوسن کر کارروائی بارے فیصلہ کردے گی ۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب جمع کروانے کیلئےمہلت کی استدعا کی۔درخواستگزاروں کی جانب سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن، کمشنر، ایل جی ایس اور بیکن ہائوس سکول مالکان سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ پرائیویٹ سکول مالکان نے طلباء کو8 فیصد اضافی فیس کے وائوچر جاری کئے ہیں۔سپریم کورٹ نے 5 فیصداضافے کی اجازت دی تھی۔ درخواستگزاروں کے وکیل نےاستدعاکی کہ سپریم کورٹ کےفیصلےکی خلاف ورزی کرنےپرسیکرٹری سکول اور سکول مالکان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

خیال رہے  ملک بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر سپریم کورٹ نے  پرائیویٹ سکولوں کو 20فیصد کم فیس وصولی کا حکم دے رکھا ہے،وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں نے بھی اس حوالے سے احکامات جاری کررکھے ہیں۔

یاد رہے کورونا وائرس خوفناک صورت اختیار کر گیا، لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 50 اموات ہوئیں جبکہ 934 نئے کیسز سامنے آگئے، 93 روز کے دوران اموات کی مجموعی تعداد 380 اور کیسز کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کر گئی۔شہر کے ہسپتالوں میں شدید علیل مریضوں کی تعداد بڑھ گئی، 330 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز میں داخل، 130 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 718 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 330 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں اور 130 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer