ویب ڈیسک:بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی اداکارہ وامیقا گبی کا بچپن کا ایک بڑا خواب آخرکار پورا ہو گیا۔ وہ جس اداکارہ کو برسوں سے اپنا آئیڈیل مانتی تھیں، آخرکار ان سے ملاقات کا موقع ملا۔وامیقا نے بھارت کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشت سے ملاقات کی، جس کا ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ وامیقا گبی کا بچپن کا ایک بڑا خواب آخرکار پورا ہو گیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف 13سال کی عمر سے مادھوری ڈکشت کی بہت بڑی مداح رہی ہیں اور برسوں سے ان سے ملنے کا خواب دیکھ رہی تھیں اور جب یہ خواب حقیقت بنا تو انکی خوشی دیدنی تھی۔ ویڈیو کے آغاز میں وامیقا، مادھوری ڈکشت کے مشہور گانے ’’دھک دھک‘‘ کے مشہور ڈانس اسٹیپ کرتی نظر آتی ہیں۔ اسی دوران مادھوری ڈکشت پیچھے سے آ کر محبت سے انہیں گلے لگا لیتی ہیں۔ اپنے بچپن کی پسندیدہ اداکارہ کو اچانک سامنے دیکھ کر وامیقا جذباتی ہو جاتی ہیں اور انہیں مضبوطی سے گلے لگا لیتی ہیں۔
https://www.instagram.com/reel/Da0Ezvzy9p-/?utm_source=ig_web_button_share_sheet
وامیقا گبی ویڈیو میں ہلکے نیلے رنگ کے روایتی لباس میں نہایت خوبصورت دکھائی دیں جبکہ مادھوری ڈکشت گلابی ساڑھی میں ہمیشہ کی طرح انتہائی دلکش نظر آئیں۔ ویڈیو میں مادھوری، وامیقا کی خیریت بھی دریافت کرتی نظر آتی ہیں۔ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وامیقا نے لکھا’’میرے قریبی دوست اچھی طرح جانتے ہیں کہ13سال کی وامیقا کیلئے یہ لمحہ کتنا جادوئی تھا۔ آخرکار میری ملاقات مادھوری ڈکشت سے ہو گئی۔ میں نے انہیں اپنے والدین سے بھی ملوایا اور بچپن کے کئی قصے سنائے تاکہ وہ جان سکیں کہ وہ میرے بچپن کی کتنی خوبصورت یادوں کا حصہ رہی ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ وامیقا گبی نے کم عمری میں ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے 2007میں امتیاز علی کی سپر ہٹ فلم ’’جب وی میٹ‘‘ سے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا آغاز کیا۔ اگرچہ اس فلم میں ان کا کردار مختصر تھا، لیکن یہی ان کے اداکاری کے سفر کی بنیاد ثابت ہوا۔ اس کے بعد وہ ’’لو آج کل‘‘، ’’’موسم‘‘ اور ’’بٹو باس‘‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں اور آہستہ آہستہ اپنی الگ شناخت قائم کی۔وامیقا نے پنجابی اور ملیالم سنیما میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پنجابی فلم ’’تو میرا22 میں تیرا 22‘‘ اور ملیالم فلم ’’گودھا‘‘ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ حال ہی میں وہ فلم ’’پتی، پتنی اور وہ دو‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔