عرفان ملک:اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے قائم ڈولفن فورس کی ترجیحات سکیورٹی ڈیوٹیوں تک محدود ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 2 ارب 41 کروڑ 81 لاکھ روپے کے بجٹ کے باوجود فورس کا بڑا حصہ سکیورٹی فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ سٹریٹ کرائم کے خلاف آپریشنل سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2.41 ارب روپے کے فنڈز حاصل کرنے والی ڈولفن فورس کی 600 موٹر سائیکلیں اپنی مدتِ معیاد پوری کر چکی ہیں، تاہم آپریشنل فلیٹ کی تجدید تاحال نہیں ہو سکی۔
اسی طرح 3 ہزار 451 آسامیوں اور 62 کروڑ 63 لاکھ روپے بنیادی تنخواہوں اور مراعات کے لیے مختص ہونے کے باوجود فورس کو نئی موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری وسائل فراہم نہیں کیے جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنل وسائل کی کمی اور اہلکاروں کی مسلسل سکیورٹی ڈیوٹیوں کے باعث ڈولفن فورس کی فیلڈ استعداد دباؤ کا شکار ہے، جبکہ اس کی عدم دستیابی کے باعث ضلع پولیس نے شہر میں ناکہ بندیوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔