سٹی42: ایس ایچ او کاہنہ سب انسپکٹر فہیم امداد کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق ایس ایچ او کو ڈی ایس پی کے ہاتھوں اہلیہ اور بیٹی کے قتل کیس میں غفلت اور لاپرواہی کا مرتکب پایا گیا، جس پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کی لاش ملنے کے باوجود قانون کے مطابق بروقت کارروائی نہ کرنے پر ایس ایچ او کاہنہ کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ فہیم امداد کو گزشتہ روز عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
ڈی ایس پی کی بیٹی خنساء کی لاش قتل کے دو روز بعد 27 ستمبر کو تھانہ کاہنہ کے علاقے سے ملی تھی۔ اس کیس میں انویسٹی گیشن پولیس نے مقتولہ کی والدہ اور بہن کو بھی طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مقتولہ کی بہن نے قتل کے انکشاف سے قبل ڈی ایس پی کے خلاف درخواست بھی جمع کروا رکھی تھی۔ مقتولہ کی والدہ اور بہن کے بیانات کو تفتیش کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے گا۔