پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا ریلیف، کچھ گھنٹے بعد اعلان

پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کچھ گھنٹے بعد کیا جانے والا ہے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کچھ گھنٹے بعد کیا جانے والا ہے۔

اوگرا ذرائع کے مطابق آج شب 12 بجے پٹرول کی قیمت میں 38 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں بیس روپے فی لٹر سے زیادہ کمی کرنے کی سمری تیار کی جا رہی ہے۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری میں پٹرول  کی قیمت میں تیس روپے سے زیادہ اور اور ڈیزل کی قیمت میں بیس روپے سے زیادہ کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ سمری پٹرولیم مصنوعات کی مارکیٹ میں کمی کے تناسب سے کاسٹ کا حساب کر کے تیار کی گئی ہے۔

ذمہ دار سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کے لئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر عائد لیوی کی شرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی شرح قدرے کم ہو سکتی ہے۔ رواں سال 870 ارب روپے کی لیوی وصول کرنے کا ٹارگٹ حکومت پہلے طے کر چکی ہے۔ اسے پورا کرنے کے لئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی اوگرا کی تجویز میں رد و بدل کا بظاہر امکان نہیں ہے تاہم حتمی فیصلہ وزارت تجارت میں وفاقی حکومت کی ہدایت پر کیا جائے گا۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی عوام کی توقع کے مطابق کم ہونے میں ایک رکاوٹ پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کے کاروبار سے وابستہ او ایم سی مارجن (آئل کمپنی کا منافع) اور ڈیلرز کے مارجن ( پٹرول پمپ مالک کا منافع) میں آج شب مزید اضافہ کیا جانے کا امکان ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر او ایم سی مارجن میں آج ایک ماہ میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ پٹرول کی قیمت پر او ایم سی مارجن میں فی لٹر مزید 41 پیسے بڑھایا جا رہا ہے۔ ڈیزل پر او ایم سی مارجن میں آج مزید 88 پیسے فی لٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس وقت ہر ایک لٹر پٹرول پر او ایم سی مارجن  6 روپے 94  پیسے ادا کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کے ایک لٹر پر او ایم سی مارجن بڑھتے بڑھتے 7 روپے   08 پیسے تک پہنچ چکا ہے۔ پٹرول پر ڈیلرز مارجن فی لٹر  7 روپے 82 پیسے وصول کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ڈیزل پر فی لٹر ڈیلرز مارجن 7 روپے 82 پیسے وصول کیا جا رہا ہے۔ آج اس مارجن میں او ایم سیاور ڈیلرز کیلئے 88 پیسے تک مزید اضافی کیا جا رہا ہے۔ آئل کمپنیوں اور ڈیلرز کا یہ مارجن جو پٹرول کی قیمت میں شامل کیا جاتا ہے دراصل پٹرول اور ڈیزل کی اصل قیمت سے زائد وہ بوجھ ہے جو براہ راست صارفین کو اٹھانا پڑتا ہے۔

اس سے پہلے 16 ستمبر اور یکم اکتوبر کو او ایم سی اور ڈیلر مارجن بڑھایا گیا تھا۔

اس وقت پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 36 روپے کمی سے 206 روپے فی لٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 19 روپے کم ہو کر 233 روپےفی لٹر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں پندرہ روز پہلے مقرر کئے جانے کے بعد سے اب تک منڈی میں پٹرول کی قیمت 10 ڈالر کمی کے بعد  104 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 8 ڈالر کم ہو کر 118 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری کے باعث بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پٹرول کیلئے 36 روپے لٹر تک اور ڈیزل کیلئے 20 روپے لٹر سے زائد کم کرنا منصفانہ اقدام ہو گا۔