وقاص احمد: کاہنہ کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ایک ملازم کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عمران مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران مسیح مویشی منڈی کاہنہ کاچھا میں صفائی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا کہ اس دوران منڈی کے داخلی راستے کے قریب موجود ایک کھمبے سے اچانک کرنٹ لگ گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ معمول کے مطابق صفائی میں مصروف تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
مقامی افراد اور مزدور تنظیموں نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں