عثمان ارشد: پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں پتنگ بازی کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ پتنگ بازی یا پتنگ فروشی میں ملوث افراد کو قانون کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کی بھی نگرانی ڈرونز، سیف سٹی کیمروں اور دوربینوں کے ذریعے کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 6185 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ 4 لاکھ 17 ہزار 124 پتنگیں اور 10 ہزار 764 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
مزید برآں،صرف لاہور میں 2228 ملزمان گرفتار ہوئے اور 2105 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 10 ہزار 694 پتنگیں ضبط کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے لاہورمیں ڈور پھرنے سے پولیس اہلکارکے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے پتنگ بازی پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ڈور پھرنے سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کا نوٹس لیا جبکہ پتنگ بازی پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیاہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے پتنگ بازی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر افسوس کااظہارکیا اور کہاکہ پتنگ بازی کو خونی کھیل میں بدلنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔