ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ 2026 کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس دن صوبائی حکومت کے تمام دفاتر، مختلف ادارے، سندھ کے زیر انتظام کارپوریشنز اور بلدیاتی ادارے بند رہیں گے۔
تاہم وہ دفاتر اور خدمات جو ضروری نوعیت کی ہیں، ان پر تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا تاکہ عوامی سہولیات متاثر نہ ہوں۔
اس فیصلے کا مقصد یوم پاکستان کی مناسبت سے عوام اور سرکاری ملازمین کو سہولت فراہم کرنا اور قومی دن کے حوالے سے سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ کفایت شعاری مہم کے چلتے وزیرِ اعظم نے تمام سفارتخانوں کو 23 مارچ کی تقریبات سادگی سے منانے کی ہدایت کی ہے۔
ہدایات کے مطابق23 مارچ 2026 کے موقع پر بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں میں روایتی تقریبات منعقد کرنے کے بجائے سادہ پرچم کشائی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کے بجٹ میں رواں مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے لیے بیس فیصد کمی کی جائے گی جبکہ وہاں تعینات افسران کی دو روزہ تنخواہ بھی کفایت شعاری فنڈ میں جمع کرائی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات قومی وسائل کے بہتر استعمال اور مالی دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ کفایت شعاری مہم کے تحت مزید اقدامات پر بھی غور جاری ہے۔