عرفان ملک: پولیس ملازمین کی فلاح کیلئے بڑا اقدام، علاج معالجے میں 50 فیصد رعایت کا معاہدہ طے پا گیا۔
لاہور پولیس اور مختاراں رفیق ویلفیئر ہسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے،ایم او یو کی تقریب ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں منعقد، ہوئی جس میں ہسپتال انتظامیہ نے شرکت کی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنزکے مطابق معاہدے کے تحت شہداء پولیس کے اہلخانہ اور غازیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو علاج معالجہ کی سہولیات پر 50 فیصد تک رعایت حاصل ہوگی، ایم او یو کے تحت پولیس ملازمین کیلئے او پی ڈی سروسز مفت دستیاب ہوں گی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جنرل سرجری، گائناکالوجی، آرتھوپیڈک، لیبارٹری اور ایکسرے سہولیات پر خصوصی رعایت ہو گی،مستحق مریضوں کے ڈائلیسز کیسز میں ہسپتال انتظامیہ خصوصی معاونت فراہم کرے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کاکہنا ہے کہ پولیس فورس کی صحت اور ویلفیئر کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں، پولیس جوانوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،فلاحی شراکت داری سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔