(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کے صدرگوٹابایا راجا پاکسے نے ملک سے فرار ہونے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے ملک سے فرار ہو کر مالدیپ اور پھر سنگاپور پہنچے، صدر کے استعفیٰ کی خبر سن کر ہزاروں مظاہرین نے جشن منایا۔
راجا پاکسے نے حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران سنگاپور فرار ہونے کے بعد اپنا استعفیٰ بذریعہ ای میل پارلیمنٹ کے اسپیکر کو بھیجا۔ راجا پاکسے صدارتی محل میں مظاہرین کے حملے کے بعد فرار ہو گئے تھے اور انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک سے استعفیٰ بھجوایا۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکمران اشرافیہ کے خلاف شدید احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں اور عوام کو سنگین معاشی بحران کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بدترین لوڈشیڈنگ، ایندھن، خوراک، دواؤں اور دیگر بنیادی ضروریات کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔