کلیم اختر: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔
ائریکٹر فوڈ پنجاب امجد حفیظ کا کہنا تھا کہ ستمبر سے فلور ملز کو سبسڈائزڈ نرخوں پر گندم کی فراہمی جاری ہے، جس کے تحت یومیہ ضرورت کا تقریباً 70 فیصد گندم 3 ہزار روپے فی من کے کنٹرولڈ ریٹ پر فراہم کی جا رہی ہے، جس سے سپلائی چین مستحکم اور مارکیٹ متوازن ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی وافر ہے اور مارکیٹ مکمل طور پر مستحکم ہے۔ حکومت کی کنٹرولڈ ریلیز پالیسی کی بدولت آٹے کی قیمتوں میں مؤثر استحکام برقرار ہے۔ گزشتہ روز فلور ملز میں 33 ہزار میٹرک ٹن گندم کی ریکارڈ پسائی کی گئی جبکہ روزانہ 16 ہزار میٹرک ٹن گندم کو 514 فلور ملز کو کنٹرولڈ ریٹ پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
14 جنوری کو صوبے بھر میں تقریباً 20 لاکھ آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے اور یومیہ معمول سے زائد سپلائی کی بدولت آٹے کی کسی قسم کی قلت یا بحران کا خدشہ نہیں۔ 10 اور 20 کلو کے 10 لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جن کی قیمتیں سرکاری نرخوں کے مطابق 10 کلو آٹا 905 روپے اور 20 کلو آٹا 1810 روپے ہیں۔