ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک پولیس اہلکار کو اپنے دوستوں کے ساتھ مفت کباب اور مچھلی کھانا بھاری پڑ گیا.
تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار تنزیل اپنے چار دوستوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں ایک ہوٹل پر پہنچا اور مچھلی فرائی کے ساتھ کباب کھائے، لیکن بل ادا کیے بغیر وہاں سے نکل گیا۔ دکاندار کے مطابق جب پیسے مانگے گئے تو پولیس اہلکار نے نشے کی حالت میں پستول تان کر دھمکیاں دیں اور شور شرابہ کیا۔
ہوٹل مالک نے الزام لگایا کہ پانچوں افراد نے اس کے بھائی وحید پر تشدد کیا اور ہوٹل کی کرسیاں توڑ پھینکیں۔ مدعی مقدمہ کے مطابق انہوں نے تین افراد کو قابو کر کے اپنی گرفت میں لے لیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پاکستان بازار پولیس نے متاثرہ دکاندار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے اہلکار سمیت ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔