سٹی42: ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی دودھ، مردہ بکریاں اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 3 ہزار لیٹر جعلی دودھ تلف، 2 مری ہوئی بکریاں برآمد، 2 من مضر صحت گوشت تلف کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ 1 دودھ سپلائر گاڑی اور 1 موٹر سائیکل قبضے میں لے لی گئی، 488 لیٹر ناقص آئل، 175 کلو دودھ پاوڈر اور 4 پمپ بھی ضبط کرلی گئیں.
عاصم جاوید کے مطابق نواحی علاقے دھاریاں میں ایک موٹر سائیکل پر مردہ بکریاں سپلائی کی جا رہی تھیں، جنہیں ذبح شدہ ظاہر کرنے کے لیے گردن پر کٹ لگائے گئے تھے۔ویٹرنری اسپیشلسٹ نے جانوروں کا معائنہ کر کے انہیں مردہ اور ان کا گوشت انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا جس کے بعد گوشت تلف کر کے موٹرسائیکل اور سپلائر کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق رائیونڈ روڈ پر جعلی دودھ تیار کرنے والا یونٹ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ بھی ناکام ہوئے۔ جعلی دودھ پاوڈر، ویجیٹیبل گھی اور دیگر ممنوعہ اشیاء سے تیار کیا جا رہا تھا، جو صحت کے لیے شدید خطرہ ہے۔