ویب ڈیسک: نواسہ رسول امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کے چہلم پر آج ملک بھر میں مجالس عزا برپا کی جائیں گی۔
چہلم حضرت امام حسینؑ و شہدائے کربلا کی مناسبت سے آج شبیہ تعزیہ کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ، اندرون دہلی دروازہ لاہور سے برآمد ہوگا۔جلوس کا آغاز صبح 9 بجے ہوگا، جب کہ اس سے قبل حویلی الف شاہ میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے معروف عالم دین علامہ صبیح حیدر شیرازی مصائب امام حسینؑ بیان کریں گے۔
جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستے میں عزاداروں کے لیے سبیلوں اور نیاز کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ جلوس پُرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
دوسری جانب کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، لاہور میں مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگا، اسلام آباد اور پشاور میں چہلم کے جلوس برآمد، عزاداروں نے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا
پیغمبر اسلام کے نواسے امام حسین کے چہلم کےموقع پر کربلا میں سوا دو کروڑ سے زائد عزادار شریک ہیں۔ امام عالی مقام انکے بھائی حضرت عباس اور دیگر شہدا کے روضوں پر حاضری دی۔
ایران میں بھی اربعین کے جلوس برآمد، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، اربعین کے جلوس میں شرکت کے لیے نجف سے کربلا روانہ ہوگئے۔