( سٹی42)امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران پہنچ گیا ۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، محسن نقوی وزیر داخلہ وفد کے ساتھ ثالثی کی جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر تہران پہنچیں ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اعلیٰ سطح کےوفد میں شامل ہیں ۔ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا.
عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد ایران پہنچ گیا ہے جہاں وہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے اہم بات چیت کرے گا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جارہا ہے اور مذاکرات کے تسلسل میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کرےگا۔ایرانی میڈیا کے مطابق مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں متوقع ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر جدہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔