ویب ڈیسک:معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر اپنے بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ اس بار ان پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق نامناسب مذاق کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
رجب بٹ ان دنوں مختلف ڈیجیٹل کریئیٹرز کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو سیشنز میں شرکت کررہے ہیں۔ ایسے ہی ایک لائیو سیشن کے دوران انہوں نے زید علی کے چہرے کے تاثرات پر گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق ایک جملہ بطور مذاق کہا۔
لائیو سیشن کی ویڈیو کا مذکورہ حصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان کو غیر حساس اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذمہ دارانہ زبان استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
کئی صارفین نے رجب بٹ کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے، جبکہ بعض صارفین نے ان کے سوشل میڈیا مواد پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی۔