ویب ڈیسک : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (AVIC) کے ایئرکرافٹ کمپلیکس کا تاریخی دورہ کیا ہے۔
صدرِ آصف علی زرداری نے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت میں چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے ایئر کرافٹ کمپلیکس کا دورہ کیا۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حالیہ معرکۂ حق میں کلیدی کردار ادا کرنے والے طیارے جے 10 سی اسی ایئر کرافٹ کمپلیکس میں تیار کیے جاتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کمپلیکس کا دورۂ بھارت سے جنگ بندی کے 128 ویں روز کیا ہے، جہاں اُنہوں نے سائنسدانوں اور انجینئرز سے بھی ملاقات کی ہے۔دورے کے دوران صدرِ مملکت کو جے 10، جے ایف 17 اور جے 20 اسٹیلتھ فائٹرز، ڈرونز، خود کار یونٹس اور ملٹی ڈومین آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

اپنے دورے کے دوران صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ جے 10 اور جے ایف 17 نے پاک فضائیہ کو مضبوط بنایا، مئی 2025ء کے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ان طیاروں کی کارکردگی شاندار رہی۔
اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ بھی صدرِ آصف علی زرداری کے ہمراہ تھے۔ صدرِ مملکت نے اے وی آئی سی کو چین کی ٹیکنالوجی اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت قرار دیا، پاکستان چین کے ساتھ دفاعی پیداوار اور ہوا بازی میں تعاون بڑھانے کا عزم رکھتا ہے، صدر آصف علی زرداری پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں، جنہوں نے اس کمپلیکس کا دورہ کیا۔