دنیا بھر میں آج یوم بصارت منایا جا رہا ہے

World Sight Day 2021
کیپشن: World Sight Day 2021
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :  پاکستان بینائی یا بصارت سے متاثر افراد کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے ، ماہرین کے مطابق شوگر کا مرض اور موبائل فون کا بے جا استعمال آنکھوں کو بری طرح متاثر کررہا ہے۔

عالمی یومِ بصارت ہر سال اکتوبر کی دوسری جمعرات کو منایا جاتا ہے، بد قسمتی سے پاکستان کا شمار بصارت کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ شوگر کا مرض اور موبائل فون کا بے جا استعمال آنکھوں کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔ تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ  اب  بزرگ اور نوجوان ہی نہیں بلکہ 5، 6سال کی عمرکے بچے بھی آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جسکی ایک بڑی وجہ موبائل فون اور ٹیبلٹ کا حد سے زیادہ استعمال ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے معمولات میں کچھ تبدیلی لا کر اپنی نظر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ بصارت کو محفوظ بنانے کیلئے طبی ماہرین کچھ مفید ٹپس بھی بتاتے ہیں۔کام کے دوران جب بھی کمپیوٹر استعمال کریں تو اپنی آنکھوں کو جھپکیں تاکہ آپ کی آنکھیں خشکی کا شکار نہ ہو جائیں۔

کمپیوٹر کی اسکرین سے تقریباً 25 انچ دور بیٹھیں۔ ہر آدھے گھنٹے بعد 20 سیکنڈ کا وقفہ لیں اور اپنی آنکھیں کمپیوٹر اسکرین سے ہٹا کر ذرا فاصلے کے مناظر دیکھیں ‘اس سے آنکھوں کو راحت ملے گی۔ اپنی آنکھوں پر غیرضروری بوجھ نہ ڈالیں اور اگر آپ کسی ورک اسپیس پر بیٹھ کر کام کر رہے ہیں تو ہر ایک گھنٹے بعد پانچ منٹ کا وقفہ کریں اور اٹھ کر چہل قدمی کریں یا کھلی فضا میں جا کر سانس لیں۔

وقفے کے دوران اپنے دونوں ہاتھوں کو آپس میں رگڑیں اور پھر آنکھیں بند کر کے آنکھوں پر رکھ دیں اس سے بھی راحت ملے گی۔

اس کے علاوہ غذا میں وٹامن اے، سی اور ڈی کا استعمال رکھنے سے بھی بینائی کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہےاگر ہم روزمرہ معمولات میں آنکھوں کی حفاظت اور دیکھ بھال پر توجہ دیں تو خدا کی یہ بہترین نعمت مسائل سے پاک رہے گی ۔