کورونا کیسز میں اضافہ، پنجاب حکومت کا لاک ڈاؤن سخت کرنے کا فیصلہ

کورونا کیسز میں اضافہ، پنجاب حکومت کا لاک ڈاؤن سخت کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر)   لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں۔

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ  کیئر کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 178 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد شہر میں کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 6640 ہوگئی، پنجاب میں 1356 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد 13 ہزار 325 ہوگئے، اب تک کورونا وائرس سے  پنجاب میں  223  جبکہ لاہور میں 82 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کیا ہوئی، شہریوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا، کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز بری طرح نظرانداز کر دیئے گئے، انار کلی بازار، شاہ عالم مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، اندرون شہر مارکیٹ، رنگ محل، اعظم کلاتھ مارکیٹ سمیت تمام مارکیٹوں کے تاجروں اور خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، بازارواں میں رش کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بازراوں میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نےکورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہفتےمیں 3 دن سخت لاک ڈاؤن  کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ داخلہ حکام کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن میں سختی کی جائے گی، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے لاک ڈاؤن کیلئے ایس او پیز کی تیاری شروع کردی گئی ہے، لاک ڈاؤن پر تاجر تنظیموں سے زبردستی عملدرآمد کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو  پنجاب  حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں ہفتے کے چار دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو دکانیں اور عام بازار کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

Sughra Afzal

Content Writer