ویب ڈیسک: شہرِ قائد میں منگھوپیر اجتماع گاہ روڈ پر ایک افسوسناک حادثے میں پانچ سالہ بچہ حسن جاں بحق ہو گیا جب ایک واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
تفصیلات کے مطابق حادثے میں 18 سالہ شرجیل، 15 سالہ فاطمہ اور سات سالہ عبداللہ بھی زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم کچھ فاصلے پر اسے گرفتار کر کے ٹینکر پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا اور تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سکول جاتے ہوئے پیش آیا، جس نے مقامی لوگوں میں غم و افسوس کی لہر پیدا کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی کراچی میں کاٹھور کے قریب سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر اور مسافر بس میں تصادم میں کم سن بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی میں ڈی ایچ اے سٹی کے قریب المناک سڑک حادثہ ہوا ہے۔ ایک واٹر ٹینکر, مسافر بس اور ہائی ایس ویگن میں تصادم کے نتیجہ میں ویگن میں سوار ایک خاتون، ان کی کم سن بچیاں اور دوسرے مسافر جاں بحق ہو گئے۔
مرنے والوں کی تعداد پہلے 9 بتائی جا رہی تھی۔ اب یہ تصدیق ہوئی ہے کہ تین گاڑیوں کے درمیان اس المناک تصادم میں 13 جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ حادثہ ٹینکر کا ٹائر پھٹنے سے ہوا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آئل ٹینکر کا ٹائر برسٹ ہونے سے ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے ۔